غیر ایشیائی کنڈیشنز؛ اظہر علی کی کارکردگی مسلسل زوال پذیر

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 6 اگست 2020
انگلینڈ میں ناکامیوں کاسلسلہ دراز، 25اننگز میں صرف 25.90کی اوسط  ۔  فوٹو : اے ایف پی

انگلینڈ میں ناکامیوں کاسلسلہ دراز، 25اننگز میں صرف 25.90کی اوسط ۔ فوٹو : اے ایف پی

 لاہور: اظہر علی کی انگلینڈ میں ناکامیوں کاسلسلہ دراز ہوگیا جب کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہونے والے پاکستانی کپتان 25اننگز میں صرف 25.90کی اوسط سے رنز بنا پائے ہیں۔

سرفراز احمد کی برطرفی کے بعد ٹیسٹ کپتان بنائے جانے والے اظہر علی اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کھاتہ کھولنے میں بھی ناکام رہے،انھوں نے اب تک انگلینڈ میں 25اننگز میں 25.90کی اوسط سے رنز بنائے ہیں،اس دوران 7بار ان کو جیمز اینڈرسن اور 6مرتبہ اسٹورٹ براڈ نے آؤٹ کیا۔

گذشتہ روز اظہر علی کو کرس ووئیکس نے میدان بدر کردیا،ان کی مجموعی طور پر 79 ٹیسٹ میچز میں اوسط 42.27  اور اس میں 16تھری فیگر اننگز شامل ہیں، غیر ایشیائی کنڈیشنز میں کھیلے جانے والے 37میچز میں اوسط 30.75 رہی اور صرف 4سنچریاں ہی بنائیں۔

دوسری جانب پاکستان نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں 2 لیگ اسپنرز میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔ یاسر شاہ کے ساتھ شاداب خان کو آزمانے کی حکمت عملی پر عمل کیا گیا، ٹاس جیت کر ابر آلود موسم میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ بھی اسی لیے کیا گیا کہ چوتھی اننگز میں پچ پر ہونے والی توڑ پھوڑ کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ میں کسی ٹیسٹ میں 2لیگ اسپنرز کھلانے کا کامیاب تجربہ آسٹریلیا نے 59سال قبل کیا تھا، 1961میں اولڈٹریفورڈ میں ہی کھیلے جانے والے میں رچی بینو اور باب سمپسن نے 11وکٹوں کا بٹوارہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔