آئرلینڈ نے ایک بار پھر دنیائے کرکٹ کوحیران کردیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 6 اگست 2020
تیسرے ون ڈے میں 329 کا ریکارڈ ہدف عبور،اسٹرلنگ اور بالبائرنی کی سنچریاں ۔  فوٹو : اے ایف پی

تیسرے ون ڈے میں 329 کا ریکارڈ ہدف عبور،اسٹرلنگ اور بالبائرنی کی سنچریاں ۔ فوٹو : اے ایف پی

ساؤتھمپٹن:  آئرلینڈ نے ایک بار پھر دنیائے کرکٹ کو حیران کردیا، عالمی چیمپئن انگلینڈ کا غرور اسی کے میدان پر خاک میں ملا دیا۔

آئرلینڈ نے بڑی ٹیموں کو غیرمتوقع طور پر شکست دے کر دنیا کو حیران کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے دی، اس کامیابی میں تجربہ کار اوپنر پال اسٹرلنگ اور کپتان اینڈی بالبائرنی نے اہم کردار ادا کیا۔

329 رنزکے تعاقب میں جانے والی آئرش ٹیم کو 50 کے ٹوٹل پر گاریتھ ڈیلینی سے محروم ہونا پڑا جو12رنز پر ڈیوڈ ویلی کی وکٹ بن گئے، اس موقع پر اسٹرلنگ اور بالبائرنی کے درمیان اپنی کرکٹ تاریخ کی دوسری وکٹ کیلیے سب سے بڑی 214 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس سے ٹوٹل 264 تک پہنچا، آخرکار اسٹرلنگ کے رن آؤٹ ہونے سے اس پارٹنر شپ کا خاتمہ ہوا, انھوں نے 128 بالز پر 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 128 رنز بنائے، تھوڑی دیر بعد بالبائرنی بھی 113 رنز پر عادل رشید کی وکٹ بن گئے، کیچ بلنگز نے تھاما، انھوں نے 113 رنز 12 چوکوں کی مدد سے 112 بالز پر اسکور کیے، سیکنڈ لاسٹ گیند پر کیون اوبرائن نے ثاقب محمود کی گیند پر سنگل لے کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کے خلاف اس کے ملک میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی آئرلینڈ کے نام ہوگیا۔ اس سے قبل بھارت نے 18 برس قبل لارڈز میں 326 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔