کشمیر پرحکومت کے پاس تقریر، تحریر اورٹیلی فون کے علاوہ کچھ نہیں، شہبازشریف

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اگست 2020
حکومت نے کشمیر پر ناٹک تو بہت رچائے مگر عملاً کچھ نہیں کیا، شہباز شریف۔ فوٹو:فائل

حکومت نے کشمیر پر ناٹک تو بہت رچائے مگر عملاً کچھ نہیں کیا، شہباز شریف۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ایک طرف عمران خان ارتغرل دیکھنے کا کہتے ہیں دوسری طرف مودی کی کال کا انتظار کرتے ہیں۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائدحزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کشمیر پر حکومت کے پاس تقریر، تحریر اور ٹیلی فون کے علاوہ کچھ نہیں، حکومت نے کشمیر پر ناٹک تو بہت رچائے مگرعملا کچھ نہیں کیا، عمران خان ایک طرف ارتغرل دیکھنے کا کہتے ہیں اور دوسری طرف مودی کی کال کا انتظار کرتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ وزیر خارجہ کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ مجھے اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کو فون کرکے کشمیر کانفرنس میں بلا لیتے، ہمیں ان کے ٹیلی فون کی ضرورت نہیں لیکن کشمیر کے لئے بات کرنی چاہئے تھی، کشمیر پر بات نہ کرنے دینے کا مطلب کشمیر کاز نقصان پہنچانا ہے، کشمیر پر خاموشی ہے اور مایوسی پھیل رہی ہے، ہم اس بات کے حق میں نہیں ایٹمی اسلحہ لے کر بھارت پر چڑھ دوڑیں، لیکن ہمیں اور اسلامی ممالک کو کشمیریوں کا ہاتھ جھٹکنا نہیں پکڑنا ہے۔

ایف اے ٹی ایف بلز پر اپوزیشن کی طرف سے اعتماد میں نہ لئے جانے پر جے یو آئی سے معذرت کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم آئندہ جے یو آئی کو ایسی شکائت کا موقع نہیں دیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔