کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہرممکن مدد جاری رکھے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اگست 2020
مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پوزیشن بہت واضح اور غیر متزلزل ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر  پر پاکستان کی پوزیشن بہت واضح اور غیر متزلزل ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہر ممکن مدد جاری رکھے گا، جموں و کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں جو اہلِ کشمیر کو ایک آزاد اور شفاف استصوابِ رائے کے ذریعے خودارادیت کا حق دیتی ہیں، ہی کی روشنی میں حل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو صاف شفاف ریفرنڈم کے ذریعے حق خود ارادیت دیا ہے، کونسل ممبران نے کشیدگی میں کمی، عالمی قوانین کے احترام اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل پر زور دیا، میں تنازعہ کشمیر کو دوبارہ زیرِغور لانے اور وادی میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ظاہر کرنے پر کونسل ممبران کا شکر گزار ہوں، سلامتی کونسل اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت محض عالمی امن وسلامتی کے تحفظ ہی کی نہیں بلکہ اپنی قراردادوں پرعملدرآمد یقینی بنانےکی بھی ذمہ دار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔