عالمی منڈی سمیت پاکستان میں بھی سونے کی نئی قیمت نے تاریخی سطح عبور کرلی

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اگست 2020
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر بڑھ کر 2050 ڈالر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی۔ فوٹو:فائل

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر بڑھ کر 2050 ڈالر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی۔ فوٹو:فائل

کراچی: عالمی بازار میں سونے کی فی اونس قیمت میں 9 ڈالر جب کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکا اور چین، پاکستان اور بھارت، سعودی عرب اور ایران کےساتھ کشیدگی اور کورونا وباء کی معیشتوں اور اہم کرنسیوں کی قدر پر مرتب ہوتے منفی اثرات نے عالمی سطح پر سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ ترین گردان لیا ہے، جس سے جمعرات کو بھی سونے کی عالمی ومقامی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 9 ڈالر بڑھ کر 2050 ڈالر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی ہے، جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کے روز فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 800 روپے اور 685 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 1 لاکھ 29 ہزار 500 روپے ہوگئی، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 1 لاکھ 11 ہزار 625 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جمعرات کو سونے کے ساتھ فی تولہ چاندی کی قیمت 20 روپے کے اضافے سے 1650 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 17 روپے 14پیسے کے اضافے سے 1414 روپے 60 پیسے کی سطح پرپہنچ گئی ہے۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہناہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 1000روپے کم رہی ہے۔ ان کے مطابق ہرسال جولائی کے وسط سے ستمبر کے وسط کے دوران شادی بیاہ کے سیزن کی وجہ سے بھارت اور چین میں سونے کے زیورات کی خریداری سرگرمیاں دنیا میں سب سے زیادہ ہوتی ہیں، لیکن پاکستان میں گزشتہ 4 ماہ سے سونے کے زیورات کی خریداری سرگرمیاں منجمد ہیں، البتہ بڑے پلئیرز کی جانب سے خالص سونے میں سرمایہ کاری بڑھ گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔