بیروت دھماکا؛ فرانس کا لبنان کی امداد کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 7 اگست 2020
فرانس کے صدر نے بیروت کے دورے کے موقعے پر عالمی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا۔ (فوٹو، اے ایف پی)

فرانس کے صدر نے بیروت کے دورے کے موقعے پر عالمی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا۔ (فوٹو، اے ایف پی)

بیروت: فرانس نے لبنان کے دارلحکومت میں دھماکے کے باعث ہونے والی تباہ کاری  سے پیدا ہونے والے بحران میں مدد کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے دورے کے موقعے پر بیروت میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران  فرانسیسی  صدر امانوئیل میکرون نے کہا کہ بیروت اور لبنان کے متاثرین  کے لیے بین الاقوامی سطح پر امداد جمع  کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں یورپ، امریکا سمیت تمام خطوں کے ممالک کو مدعو کیا جائے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: بیروت دھماکا؛ 3 لاکھ افراد بے گھر، 5 ارب ڈالر کی املاک تباہ

اس سے قبل فرانسیسی صدر نے بیروت کا دورہ کیا اور متعدد سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی۔ میکرون نے اس موقعے پر امدادی رقوم کے معاملے شفافیت کی یقینی دہانی کروائی۔

’آئی ایم ایف کی اپیل‘ 

دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ بیروت میں رونما ہونے والے الم ناک واقعے کے بعد پیدا ہونے والے معاشی اور سماجی بحران سے مقابلے کے لیے لبنان کو قومی وھدت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ آئی ایم ایف لبنانی عوام کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ لبنان کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے احتساب اور اعتماد کی بنیاد پر اصلاحات کے ذریعے معاشی نظام کی تعمیر نو کرنا پڑے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: بیروت دھماکا؛ ملک میں دوہفتوں کے لیے ہنگامی حالت کا نفاذ

انہوں ںے بین الاقوامی برادری اور لبنان کے دوست ممالک سے بھی اس بحران سے نکلنے میں لبنان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ مارچ میں لبنان نے قرضوں کی عدم ادائیگیوں کے بعد آٗی ایم ایف سے 10 ارب ڈالر قرض کے لیے درخواست کی تھی، جس کی تاحال منظوری نہیں ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔