سری لنکن صدر راجا پاکسے کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی

ویب ڈیسک  جمعـء 7 اگست 2020
راجا پاکسے کی جماعت اور اتحادیوں نے 225 کے ایوان میں 150 ووٹ حاصل کیے۔ فوٹو: رائٹرز

راجا پاکسے کی جماعت اور اتحادیوں نے 225 کے ایوان میں 150 ووٹ حاصل کیے۔ فوٹو: رائٹرز

کولمبو: سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل کرلی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے کی پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی۔ راجا پاکسے کی جماعت اور اتحادیوں نے 225 کے ایوان میں 150 ووٹ حاصل کیے۔

سری لنکن صدر نے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے جس کے بعد وہ ایک بااختیار صدر بننے کی پوزیشن میں آگئے ہیں اور ملک میں معاشی اور فوجی استحکام کے حوالے سے اپنے ایجنڈے کا نفاذ کے لیے آئینی ترامیم سمیت دیگر تبدیلیاں باآسانی کرسکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گوٹابایا راجا پاکسے ممکنہ طور پر اپنے بھائی اور سری لنکا کے سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو وزیراعظم نامزد کریں گے۔

واضح رہے گوٹابایا راجاپاکسے اور مہندرا راجا پاکسے کی قیادت میں سری لنکن سکیورٹی فورسز نے تمل باغیوں کو کچل دیا تھا اور 37 سالہ علیحدگی پسندی کی جنگ کو ختم کرنے کا سہرا بھی ان ہی کے سر جاتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔