سرفراز کے پانی پلانے پر ہیڈکوچ کا رد عمل سامنے آگیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 7 اگست 2020
میں خود کپتان ہوکر آسٹریلیا میں پانی لیکر جاتا رہا ہوں، سرفراز سے متعلق سوال پر مصباح کا جواب

میں خود کپتان ہوکر آسٹریلیا میں پانی لیکر جاتا رہا ہوں، سرفراز سے متعلق سوال پر مصباح کا جواب

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شان مسعود کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ایک اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

مانچسٹر میں پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ شان مسعود  ایک قابل بھروسہ بیٹسمین کے روپ میں سامنے آرہے ہیں، شاداب خان نے بھی ان کا بخوبی ساتھ نبھایا، وہ ایک آل راﺅنڈر کی کمی پوری کرتے نظر آرہے ہیں، ان کی موجودگی میں ٹیم متوازن نظر آرہی ہے جب کہ بابر اعظم اچھی اننگز کھیلے، تھوڑا اور  کھیلتے تو ٹیم کا مزید فائدہ ہوتا لیکن شان مسعود نے کمی پوری کردی۔

مصباح الحق نے کہا کہ محمد عباس اور شاہین آفریدی نے بھی عمدہ بولنگ کی، کھلاڑی ایک عرصہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے تھے، اس کے باوجود ردھم میں نظر آئے، ابھی ٹیسٹ میچ میں طویل سفر باقی ہے، یاسر شاہ نے اہم وکٹ حاصل کی، آگے چل کر ان کا کردار اہم ہوگا۔

ایک سوال پر ہیڈکوچ نے کہا کہ اظہر علی پر قیادت کا بھی دباﺅ ہے، پاکستان میں سنچری بنائی، پریکٹس میچ میں بھی تھری فیگر اننگز کھیلی، ہر اننگز میں ہر بیٹسمین اسکور نہیں کرتا، امید ہے کہ اظہر علی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گے۔ سرفراز احمد کے پانی اور جوتے لیکر جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسی بات پاکستان میں ہی ہوسکتی ہے، سابق کپتان ایک اچھے انسان اور ٹیم مین ہیں، ان کو کوئی مسئلہ نہیں، میں خود کپتان ہوکر آسٹریلیا میں پانی لیکر جاتا رہا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔