مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار کی سرکاری رائفل سے خود کشی

ویب ڈیسک  جمعـء 7 اگست 2020
بھارتی اہلکار کی گزشتہ ماہ ہی شادی ہوئی تھی، فوٹو : فائل

بھارتی اہلکار کی گزشتہ ماہ ہی شادی ہوئی تھی، فوٹو : فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے  کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع ریاسی کے فوجی اڈے میں بھارتی فوج کے 32 سالہ اہلکار کی خون میں ڈوبی ہوئی لاش ملی جب کہ اہلکار کی سرکاری رائفل بھی قریب ہی موجود تھی۔

خودکشی کرنے والے اہلکار کو قریبی ملٹری اسپتال لے جایا گیا جہاں زیادہ خون بہہ جانے کے باعث موت کی تصدیق کردی گئی۔ خود کشی کرنے والے اہلکار کی گزشتہ ماہ میں شادی ہوئی تھی۔ خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا کا خوف؛ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکاروں کی خودکشی

خودکشی کرنے والے اہلکار کے ساتھی اہلکار نے پولیس کو بیان قلم بند کراتے ہوئے بتایا کہ گولی چلنے کی آواز سن کر جائے وقوعہ پر پہنچا تو مذکورہ اہلکار کو خون میں لت پت پایا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث مقبوضہ کشمیر میں جنوری 2007 سے تاحال خود کشی کرنے یا آپسی جھگڑوں میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 463 ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔