بھارت میں چائے کے کھیت پر مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتیں 43 ہوگئیں

ویب ڈیسک  پير 10 اگست 2020
کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے کسانوں کے گھر بھی تباہ ہوگئے، فوٹو : فائل

کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے کسانوں کے گھر بھی تباہ ہوگئے، فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں مسلسل بارشوں کے باعث 7 اگست کو پہاڑ کا ٹکڑا مٹی کے تودے کے ساتھ چائے کے کھیت اور کسانوں کے گھر پر گرنے سے ہونے والی ہلاکتیں 40 ہوگئیں جن میں زیادہ تر کسان اور ان کے اہل خانہ شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں تباہی مچانے کے بعد بارشوں کا سلسلہ ریاست کیرالہ میں داخل ہوگیا تھا، 7 اگست کو مسلسل بارشوں کے باعث ضلع ایڈوکی میں پہاڑی کا ایک بڑا ٹکڑا اور مٹی کا تودا چائے کے کھیت پر گر گیا جس میں کسانوں کی بڑی تعداد دب گئی۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 10 افراد کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے جب کہ 12 لاشیں بھی نکالی گئی تھیں۔ چار روز میں مزید 18 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ زخمیوں میں سے 10 کسان دوران علاج دم توڑ گئے اس طرح مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ 6 اگست مبئی میں 24 گھنٹوں کے دوران 331 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے ساتھ آندھی بھی چلی جس سے 107 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتاری سے ہوائیں چلنے کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔