ملیں، عروسی جوڑے میں خود گاڑی چلاتے ہوئے نکاح میں پہنچنے والی دلہن سے

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 اگست 2020
دلہن کی کار خود ڈرائیو کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، فوٹو : انسٹاگرام

دلہن کی کار خود ڈرائیو کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، فوٹو : انسٹاگرام

لاہور  : عروسی جوڑے میں ملبوس دلہن خود کار چلاتے ہوئے اپنے دلہا کو فرنٹ سیٹ پر بٹھائے نکاح کی تقریب میں پہنچی تو مہمان حیران رہ گئے۔

سوشل میڈیا حیرت کدہ ہے اور یہاں وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز معاشرے میں برپا ہونے والی ’’ روایات ‘‘ اور ’’ معاشرتی رویوں‘‘ کی عکاس ہوتی ہیں۔ نئے رجحان کی آئینہ دار ویڈیوز نہ صرف فوری طور پر وائرل ہوجاتی ہیں بلکہ صارفین کی جانب سے انہیں سراہا بھی جاتا ہے۔

Bride drove car at nikkah

ایسی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی ارسہ بتول اپنے نکاح پر خود کار چلاتے ہوئے تقریب میں پہنچ گئیں۔ اس موقع پر ان کے دلہا بھی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے تھے لیکن اسٹیئرنگ ارسہ نے سنبھالا ہوا تھا۔ اس دلچسپ لمحے کو دلہا نے خود فلم بند کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے تصاویر اور وڈیو وائرل ہوگئیں۔

عمومی طور پر عروسی جوڑے میں ملبوس دلہن کو گاڑی کی پچھلی نشست پر بٹھایا جاتا ہے اور اس بات کا تصور کرنا بھی محال ہے کہ کوئی دلہن اپنی شادی پر بیوٹی پارلر سے تیار ہونے کے بعد خود کار ڈرائیو کرتے ہوئے تقریب میں پہنچ جائے لیکن لاہور کی دلہن نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔