جے شری رام اور مودی زندہ باد نہ کہنے پر بزرگ مسلمان پر انتہا پسندوں کا تشدد

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 اگست 2020
انتہا پسند ہندوؤں نے بزرگ عبدالغفار کا رکشہ اور نقدی بھی چھین لی، فوٹو : بھارتی میڈیا

انتہا پسند ہندوؤں نے بزرگ عبدالغفار کا رکشہ اور نقدی بھی چھین لی، فوٹو : بھارتی میڈیا

راجھستان: بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے مودی زندہ باد اور جے شری رام کا نعرہ نہ لگانے کی پاداش میں 52 سالہ رکشہ ڈرائیور کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان کے علاقے میں دو کار سوار انتہا پسند ہندوؤں نے رکشہ ڈرائیور 52 سالہ عبدالغفار کو روکا اور سگریٹ مانگی جس پر تلخ کلامی ہوئی تو کار سواروں نے بزرگ شہری پر تھپڑوں کی بارش کردی۔

رکشہ ڈرائیور عبدالغفار نے تھوڑی مزاحمت کی اور وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم کارسواروں نے کچھ فاصلے پر انہیں دوبارہ پکڑ لیا اور جے شری رام اور مودی زندہ باد کے نعرے لگانے کا مطالبہ کیا۔

رکشہ ڈرائیور کے انکار پر انتہا پسندوں نے انہیں بری طرح مارا پیٹا جس سے بزرگ شہری کے دانت ٹوٹ گئے اور ایک آنکھ سوج گئی جب کہ جسم کے دیگر حصوں میں بھی چوٹیں آئیں۔

انتہا پسندوں نے 52 سالہ عبدالغفار کا رکشہ اور نقدی چھیننے کے بعد انہیں جانے دیا۔ اہل خانہ نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی جس کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔