کراچی کی صورتحال پچھلی بارشوں سے بہتر ہے، وزیربلدیات سندھ

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 اگست 2020
جن مقامات پر وقتی طور پر پانی جمع ہوا تھا رات سے قبل اس کو صاف کردیا گیا تھا، وزیربلدیات۔ فوٹو:فائل

جن مقامات پر وقتی طور پر پانی جمع ہوا تھا رات سے قبل اس کو صاف کردیا گیا تھا، وزیربلدیات۔ فوٹو:فائل

کراچی: وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر کی مجموعی صورت حال پچھلی بارشوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، بارش کی شدت کے باوجود کسی بھی جگہ سیلابی کیفیت پیدا نہیں ہوئی۔

شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بارشوں کی شدت کے باوجود حکومت سندھ کی بروقت حکمت عملی اور کامیاب کو آرڈینیشن پالیسی کی بدولت شہر کا حال پہلے سے قدرے بہتر اور مختلف ہے، کسی بھی مقام پر پانی نہ کھڑا ہونے دیا گیا اور نہ ہی انڈر پاسز بھرے۔

وزیربلدیات نے کہا کہ تمام ڈی ایم سیز کے چئیرمینز سے میں مستقل طور پر خود رابطے میں رہا اور ایم ڈی واٹر بورڈ کو مخصوص مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینوں کی تنصیب کے احکامات بھی دئیے، گزشتہ روز سے اب تک تمام نشیبی علاقوں، چوکنگ پوائنٹس، حساس مقامات پر واٹر بورڈ، ڈی ایم سیز، سالڈ ویسٹ بورڈ کا عملہ مستقل طور پر عوامی خدمات میں مصروف عمل ہے۔

ناصر شاہ نے بتایا کہ جن مقامات پر وقتی طور پر پانی جمع ہوا تھا رات سے قبل اس کو صاف کردیا گیا تھا، شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ سمیت تمام علاقے بروقت کلئیر کردئیے گئے تھے، اس وقت بھی تمام میونسپل کمشنرز اور بلدیاتی نمائندگان تمام اداروں کے ساتھ مکمل مشاورت اور رابطے میں ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں اور برقی آلات سے دور رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔