صوابی میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے راہگیر سمیت 5 افراد قتل

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 9 اگست 2020
پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے 2 مبینہ نامزد ملزمان راشد اور عمران کو گرفتار کر لیا۔ فوٹو: فائل

پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے 2 مبینہ نامزد ملزمان راشد اور عمران کو گرفتار کر لیا۔ فوٹو: فائل

صوابی: مانیری پایاں صوابی میں فائرنگ کر کے نوجوان راہگیر سمیت 5 افراد کو قتل کردیا گیا۔

صوابی میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے راہگیر سمیت 5 افراد کو قتل کردیا گیا جب کہ مقتولین میں چارسدہ پولیس کو مطلوب اشتہاری بھی شامل ہیں۔ مقتولین کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ بھی بر آمد کر لیا۔ دو مقتولین کا تعلق ضلع چارسدہ سے تھا۔ پولیس نے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

فضل غنی نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ رات منتظم شاہ ،سلیمان شاہ اس کے بیٹے ارسلان کے ہاں آکر پڑوسی صدام اللہ کے ہمراہ دو موٹر سائیکلوں پر یہ کہہ کر چلے گئے کہ ہم کسی کام کے سلسلے میں جارہے ہیں، بعد ازاں اطلاع ملی کہ چاروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جب کہ راہ گیر فہد شدید زخمی ہوا تاہم اسپتال لے جاتے ہوئے چل بسا، وجہ قتل عمران اور راشد کی مقتولین کے ساتھ سابقہ دشمنی بیان کی گئی۔

پولیس نے مقتول صدام اللہ کے قبضے سے کلاشنکوف و تیس عدد کارتوس، ارسلان سے ایک پستول بمعہ پانچ کارتوس، منتظم شاہ سے ایک پستول بمعہ پانچ کارتوس بر آمد کیے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول سلیمان شاہ قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا ۔صوابی پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے دو مبینہ ملزمان راشد اور عمران کو گرفتار کر لیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔