حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں 20 مہینوں کا پانی ذخیرہ ہوگیا، واٹر بورڈ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 اگست 2020
حب ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔(فوٹو، فائل)

حب ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔(فوٹو، فائل)

 کراچی:  کیچمنٹ ایریا میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث حب ڈیم کی سطح آب 328 فٹ تک بلندہو گئی ہے اور ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ اس اضافہ سے 20 مہینوں کے لیے پانی ذخیرہ ہوگیاہے۔

ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کے مطابق حب ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں حالیہ برسات کے باعث برساتی پانی  آنے کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔حب ڈیم کی گنجائش 339فٹ ہے بارشوں سے قبل ڈیم میں پانی کی سطح 308فٹ تھی حب ڈیم کی سطح آب میں ہونے والے اضافہ سے 20 مہینوں کے لیے پانی ذخیرہ ہوگیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ نہ تھمنے کے باعث حب ڈیم سے شہر خصوصاً ضلع غربی کو معمول کے مطابق پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ ڈیموں میں بارشوں اورپانی کی آمد کے دوران تیکنیکی اعتبارسے پانی کی فراہمی ممکن نہیں ہوتی،اس سے ڈیموں کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔

ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا ہے کہ پانی کی آمد کا سلسلہ رکتے ہی ضلع غربی کو حب ڈیم سے معمول کے مطابق 10 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی شروع کردی جائے گی ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔