سعودیہ عرب میں کام کرنے والے 90 پاکستانی 9 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 اگست 2020
وزارت سمندر پار پاکستانیز نے نوٹس لے لیا، مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی (فوٹو : فائل)

وزارت سمندر پار پاکستانیز نے نوٹس لے لیا، مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی (فوٹو : فائل)

 راولپنڈی: سعودیہ عرب کی نجی کمپنی میں کام کرنے والے 90 پاکستانی محنت کش 9 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، وزارت اوورسیز پاکستانیز نے نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

ایکسپریس کے مطابق سعودی عرب کے شہر ابہہ میں نجی کنسڑکشن کمپنی میں ملازمت کے لیے سعودی عرب میں مقیم 90 پاکستانی ملازمین کمپنی کی جانب سے تنخواہیں نہ ملنے پر سخت پریشان ہیں انہیں کمپنی نے گزشتہ 9 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کیں جس کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

متاثرین میں سے ایک پاکستانی محنت کش محمد ایاز کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا ہے کہ 9 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، جمع پونجی ختم ہونے سے اقاموں کی مدت بھی ختم ہورہی ہے جبکہ کھانے پینے میں شدید مسائل کا سامنا ہے، مقامی طور پر احتجاج کے باوجود شنوائی نہیں ہورہی اور پاکستانی سفارت خان بھی کوئی مدد نہیں کررہا۔

متاثرین نے اپنے مسئلہ حل کرانے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

دریں اثنا یہ سنگین معاملہ سامنے آنے پر وزارت سمندر پار پاکستانیز نے اس کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزرات سمندر پار پاکستانیز کے حکام نے کہا ہے  کہ معاملے کو ٹیک اوور کرلیا گیا ہے، تمام پہلوں کا جائزہ لے کر محنت کشوں کا معاملہ حل کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔