گلوکار بلال سعید نے مسجد میں گانے کی ریکارڈنگ پر معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  اتوار 9 اگست 2020
بلال سعید نے مسجد میں فلمائے گئے مناظر نکالنے کا اعلان بھی کیا ہے۔(فوٹو، انٹرنیٹ، ٹوئیٹر)

بلال سعید نے مسجد میں فلمائے گئے مناظر نکالنے کا اعلان بھی کیا ہے۔(فوٹو، انٹرنیٹ، ٹوئیٹر)

 لاہور: مسجد وِزیر خان میں گانے کی ویڈیو کی ریکارڈنگ کے معاملے پر گلوکار بلال سعید نے معافی مانگ لی اور ویڈیو میں سے مسجد  میں فلمائے گئے مناظر  شامل نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔  

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے گلوکار کا کہنا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ پچھلے کچھ دنوں میں جو کچھ ہوا ہے اس سے آپ کے جذبات کو گہری چوٹ پہنچی ہے۔ ہم بحیثیت مسلمان ، مہذب انسان اور فنکار کی حیثیت سے ، کبھی بھی اسلام یا کسی دوسرے مذہب ، نسل ، ذات ، رنگ یا مسلک کی توہین اور رسوائی نہیں کریں گے۔

انہوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ مسجد میں نکاح کے مناظر فلمائے گئے تھے لیکن غلط فہمی کی بنا پر سمجھا گیا کہ ہم نے مسجد میں موسیقی چلائی اور اس پر رقص کرکے اس کے تقدس کو پامال کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میں بھی مسلمان ہوں اور میری تربیت ایک مسلمان گھرانے میں ہوئی ہے میں ایسی کام کا سوچ  بھی نہیں سکتا۔

بلال سعید نے کہا کہ خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ ہم نے مسجد میں موسیقی نہیں چلائی اور نہ ہی وہاں رقص کیا۔ وہاں موجود مسجد کی انتظامیہ بھی اس کی گواہ ہے۔ بہر کیف ایک کلپ کی وجہ سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی۔ انجانے میں ہم سے غلطی ہوئی اور ہم انسانوں سے غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ میں ، صبا قمر اور ہم سب اللہ تعالیٰ سے معافی مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے انجانے میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائ ہے تو ہم دل سے آپ سے معافی مانگتے ہیں۔جاری کیے گئے  ویڈیو بیان کو میری ، صبا قمر اور باقی ٹیم کی جانب سے پُر خلوص معافی سمجھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔