لاک ڈاؤن میں مزید نرمی؛ تفریحی مقامات کھل گئے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال

ویب ڈیسک  پير 10 اگست 2020
پاکستان میں رواں برس فروری میں کورونا کے پہلے مریض کی تشخیص ہوئی تھی فوٹو: فائل

پاکستان میں رواں برس فروری میں کورونا کے پہلے مریض کی تشخیص ہوئی تھی فوٹو: فائل

 کراچی: ملک بھر میں کورونا وبا میں کمی کے باعث لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی گئی ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلوں کی روشنی میں صوبائی حکومتوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

حکومتی فیصلوں کے تحت ملک بھر میں آج سے کاروبار، بازاروں ، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز پر عائد وقت اور ہفتہ وار چھٹیوں کی پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ کیفے، ریسٹورنٹس، تھیٹر اور سینما بھی کھول دیئے گئے ہیں اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوگئی ہے۔ پبلک پارکس، بزنس سینٹرز، بیوٹی پارلرز اور جم بھی کھولنے کی اجازت ہے۔

ایس او پیز کے تحت سنیما ہالز میں آنے والوں کو ماسک پہننا ہوگا، گنجائش سے 40 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ تھیٹرز میں بھی شوز ہوں گے لیکن 6 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھنا بھی لازم ہوگا۔ ریسٹورنٹ کے ڈائننگ ہال میں 50 فیصد تک لوگوں کو کھانا کھانےکی اجازت ہوگی، ہر ٹیبل کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائےگا تاہم شادی ہال اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر تک بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس فروری میں کورونا کے پہلے مریض کی تشخیص ہوئی تھی۔ اب تک کورونا وائرس پاکستان میں بھی 2 لاکھ 84 ہزار 638 لوگوں کو متاثر کرچکا ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ اس میں سے 2 لاکھ 60 ہزار 764 مریض شفایاب بھی ہوگئے ہیں جو مجموعی کیسز کا 91 فیصد سے زائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔