افریقی ملک نائجر میں مسلح افراد کے حملے میں 6 فرانسیسی سیاح سمیت 8 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 10 اگست 2020
حملے میں مقامی گائیڈ اور ڈرائیور بھی ہلاک ہوئے، فوٹو : اے ایف پی

حملے میں مقامی گائیڈ اور ڈرائیور بھی ہلاک ہوئے، فوٹو : اے ایف پی

نیامے: مغربی افریقی ملک نائجر میں مسلح حملہ آوروں نے 6 فرانسیسی سیاحوں کو گولیوں سے بھون ڈالا، فائرنگ سے مقامی گائیڈ اور ڈرائیور بھی ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک نائجر کے دارالحکومت سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع نایاب زرافوں کے علاقے میں جھاڑیوں میں چھپے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فرانسیسی این جی او کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

مسلح افراد کی فائرنگ سے گاڑی میں سوار 6 فرانسیسی سیاح اور مقامی ڈرائیور و گائید موقع پر ہلاک ہوگئے، گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی جل کر خاکستر ہوگئی۔ مسلح افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم اس علاقے میں شدت پسند گروہ کافی متحرک ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نایاب زرافوں کے لیے محفوظ اور افزائشی علاقے کے باعث یہاں سیاحوں کا پسندیدہ علاقہ ہے تاہم اس سے قبل اس قسم کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا تھا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔