چین نے امریکی سینیٹرز سمیت 11 اہم شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں

ویب ڈیسک  منگل 11 اگست 2020
امریکی سینیٹرز مارکو اور ٹیڈ کریز پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں، فوٹو : فائل

امریکی سینیٹرز مارکو اور ٹیڈ کریز پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں، فوٹو : فائل

بیجنگ: چین نے امریکی سینیٹرز مارکو روبیو اور ٹیڈ کروز سمیت 11 اہم شخصیات پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان تناؤ اور کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، تازہ لہر میں چین نے امریکا کی جانب سے ہانگ کانگ کی حکمراں سمیت 11 افراد پر پابندی کے جواب میں دو امریکی سینیٹرز سمیت 11 حکام پر پابندی عائد کردی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : امریکا نے ہانگ کانگ کی چین نواز حکمراں پر پابندیاں عائد کردیں

چین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن امریکی سینیٹرز اور شخصیات پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں انہوں نے ہانگ کانگ میں چین کے قومی سلامتی بل سے متعلق نامناسب برتاؤ کیا اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے تاہم امریکی شخصیات پر پابندی کی نوعیت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان معاشی تناؤ اور سیاسی کشیدگی صدر ٹرمپ کی صدارت سنبھالتے ہی شروع ہوگئی تھی تاہم ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد اس میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔