مریم نواز کونیب نے سوالات کیلئے بلایا اوروہ پوری بارات لےکرآگئیں، شبلی فراز

ویب ڈیسک  منگل 11 اگست 2020
جس طرح حکومت نے کورونا وبا سے نمٹا اس کی دنیا میں مثالیں دی جارہی ہیں، شبلی فراز: فوٹو: فائل

جس طرح حکومت نے کورونا وبا سے نمٹا اس کی دنیا میں مثالیں دی جارہی ہیں، شبلی فراز: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نیب نے مریم نواز کو زمین کی خریداری سے متعلق سوالات کے لیے بلایا اور وہ پوری بارات لے کر نیب آگئیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی توجاری مالیاتی خسارہ 20 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا، 2 سال میں جاری مالیاتی خسارے میں 17 ارب ڈالر کی کمی کی گئی، وزیراعظم کی غیرضروری اخراجات روکنے کی پالیسی کامیاب رہی،  برآمدات بڑھانےاورغیرضروری درآمدات میں کمی کی پالیسی اپنائی، زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالرسے بڑھ  کر 12.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، توقع تھی کہ مالیاتی خسارہ 9.1 فیصد رہے گا، اس وقت مالیاتی خسارہ 8.1 فیصد ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سخت لاک ڈاؤن کا نعرہ لگانے والے اب نظر نہیں آرہے، سخت لاک ڈاون کا مطالبہ اشرافیہ کا تھا، جس طرح حکومت نے کورونا وبا سے نمٹا اس کی دنیا میں مثالیں دی جارہی ہیں، خوشی کی بات ہے کہ معیشت دوبارہ چلنا شروع ہوگئی ہے، معیشت میں بہتری سے اسٹاک ایکس چینج میں استحکام آرہاہے،  ٹیکس محاصل ہدف سے300 ارب روپے زیادہ اکٹھے کیے گئے، احساس پروگرام کےتحت ایک کروڑ50لاکھ خاندانوں تک مالی امدادپہنچائی گئی، مہنگائی ہوئی ہے لیکن اشیائےضروریہ کی قلت نہیں ہوئی، غریب لوگوں کو کم از کم قیمت پراشیا کی فراہمی ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نوازکہتی تھیں میری پاکستان توکیا لندن میں بھی جائیداد نہیں، انہیں نیب نے آج  زمین کی خریداری سے متعلق سوالات کے لیے بلایا تو وہ پوری بارات لےکر آگئیں، انہیں اپنے کیے پرنادم ہونا چاہیے، ان لوگوں نے اداروں کو تباہ کردیا ہے، ان کے والد لندن چلے گئے اور آرام سے زندگی گزار رہے ہیں، یہ کیسی لیڈرشپ جو لندن میں آرام کررہی ہے، لیڈر وہ ہوتا ہے جس کا سب کچھ اپنے ملک میں ہو، ہم نےاس کلچرکو شکست دینی ہے، ہم نے ہر شعبہ میں اصلاحات لانی ہیں، ان کا مقصد لوٹی ہوئی دولت بچانا ہے،  مسلم لیگ (ن) کو لوٹ مارکا جواب دینا ہوگا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا قریبی برادر ملک ہے،جو ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، ہم سعودی عرب کی قدر کرتے ہیں، پیسے کا لین دین چلتا رہتا ہے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے معاملے کو شکوک و شبہات کی نظر سے نہ دیکھاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔