پاکستانی الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر ارطغرل غازی کا دلچسپ جواب

ویب ڈیسک  بدھ 12 اگست 2020
مجھے پاکستان سے بہت محبت ملی ہے ، انجن التان دزیاتن فوٹوفائل

مجھے پاکستان سے بہت محبت ملی ہے ، انجن التان دزیاتن فوٹوفائل

انقرہ: ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کے ہیرو انجن التان دزیاتن نے پاکستانی الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر انتہائی دلچسپ اور خوبصورت جواب دیا ہے۔

پاکستان میں اسلامی تاریخ پر مبنی ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کو مقبولیت کے ساتھ ڈرامے کے اداکاروں کو بھی بے حد شہرت ملی ہے اور ڈرامے کے دونوں مرکزی کرداروں ارطغرل غازی اور حلیمہ سلطان کو تو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

کچھ روز قبل انجن التان کی پاکستان میں  بے تحاشہ مقبولیت کے پیش نظر پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی سے ان کا انٹرویو نشر کیا گیا جس میں میزبان نے ان سے نہایت دلچسپ سوال پوچھا کہ ارطغرل کے کردار کو پاکستان میں بہت زیادہ پسند کیاجاتا ہے لہذا اگر آپ بطور ارطغرل پاکستانی الیکشن میں حصہ لیں تو زبردست کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اس بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی بمقابلہ پاکستانی ڈرامے، پاکستانی عوام کس طرف؟

اس سوال پر پہلے تو انجن التان ہنس پڑے اور پھر انہوں نے کہا اتنی پسندیدگی کا شکریہ۔  یہ آپ لوگوں کی ذرہ نوازی ہے، میں آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ مجھے پاکستان سے بہت محبت ملی ہے، اتنی محبت ملنے اور چاہے جانے پر یقیناً بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔

انجن التان نے کہا پاکستان ہمارا بھائی اور دوست ملک ہے، ہم نے اپنا بچپن پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کے جذبات کے اظہار میں گزارا ہے۔ میں ایک فلم میں کام کرچکا ہوں اس فلم میں حصہ لینے کے لیے پاکستان سے پائلٹ آئے تھے اور ہم نے بہت اچھے طریقے سے گھل مل کر کام کیا۔ یہ سب کچھ پاکستان کے ساتھ ہم ترکوں کی محبت اور ایک برادر ملک ہونے کی وجہ سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ارطغرل غازی‘ پاکستان میں دکھایا جانا چاہئے یا نہیں؟ پاکستانی فنکارآمنے سامنے

انجن التان نے پاکستان کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی بیان کرتے ہوئے کہا اس طرح اپنے ایک برادر ملک پاکستان سے محبت کے اظہار نے مجھے بڑا جذباتی بنادیا ہے، میں ویسے بھی پاکستان کا بڑا مداح ہوں لیکن میں آپ کو بتادوں کہ سیاست، سیاستدانوں کا کام ہے اور میں ایک اداکار ہوں اور میرا کام اداکاری کرنا ہے لہذا یہ ہو نہیں سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔