بلوچستان میں جاری بارشوں كا سلسلہ تھم گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی

ویب ڈیسک  بدھ 12 اگست 2020
متاثرین سیلاب میں امداد ی سامان كی تقسیم جاری ہے، پی ڈی ایم اے ۔ فوٹو : فائل

متاثرین سیلاب میں امداد ی سامان كی تقسیم جاری ہے، پی ڈی ایم اے ۔ فوٹو : فائل

 کوئٹہ: بلوچستان كے متعدد علاقوں میں جاری بارشوں كا سلسلہ تھم گیا اور چار روز كے دوران بارشوں اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے سے 13 افراد كے جاں بحق ہونے كے تصدیق ہوئی ہے۔

بلوچستان میں چار روز تک برسنے والے بارشوں كا موجودہ اسپیل صوبے كے بعض علاقوں سے نكل گیا، كوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مطلع كہیں جزوی كہیں مكمل طور پر ابرآلود رہا۔

محكمہ پی ڈی ایم اے كے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب كے باعث صوبے كے 15 اضلاع متاثر ہوئے جن میں 13 افراد جاں  بحق اور 7 زخمی ہوئے، بارشوں سے 861 مكان تباہ ہوئے جب كہ 46 مكانات كو جزوی نقصان پہنچا، اسی طرح مختلف اضلاع میں 8سڑكوں، 3ڈیمز كو بھی نقصان پہنچا ہے اور متاثرین سیلاب میں امداد ی سامان كی تقسیم جاری ہے۔

دوسری جانب كوئٹہ سبی شاہراہ كو ہلكی ٹریفک كیلئے كھول دیا گیا ہے، اندروں صوبہ مسافر كو لے جانے اور لانے كیلئے كوئٹہ اور سبی كے درمیان ریلوے كی شٹل سروس 2 روز بھی جاری رہی۔

ادھر سوئی سدرن گیس كمپنی كے ترجمان كاشف صدیقی كے مطابق سیلابی ریلوں میں بولان كے علاقے كنڈلانی پل كے مقام پر ٹوٹنے والے 12 انچ گیس سپلائی لائن كی مرمت كا كام مكمل كرلیا گیا ہے جب كہ بی بی نانی پل كے قریب تباہ شدہ 12 اور 24 انچ گیس پائپ لائنوں كی مرمت كیلئے ایس ایس جی سی كا تكنیكی عملہ مشینری كے ہمراہ پہنچ گیا ہے لہذا پائپ لائن كی مرمت كاكام مكمل ہونے میں ایک سے دو دن لگ سكتے ہیں۔

دوسری جانب كوئٹہ كے بیشتر علاقوں میں گیس سپلائی چوتھے روز بھی معطل ہونے سے گھروں میں خواتین كو كھانا بنانے سمیت امور خانہ داری میں  مشكلات كا سامنا رہا شہر میں اكثر لوگ سیلنڈروں میں ایل پی جی استعمال كررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔