خیبرپختون خوا میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح؛ 45 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 12 اگست 2020
21 حساس اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے 45 لاکھ 62 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ فوٹو : ایکسپریس

21 حساس اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے 45 لاکھ 62 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ فوٹو : ایکسپریس

 پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کردیا جس کے تحت صوبے کے 21 حساس اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے 45 لاکھ 62 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔ کورونا وباء کے باعث 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم کا دوبارہ آغازکیا گیا ہے۔

صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کےلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس مقصد کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ آئندہ نسلوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ اگست کی اس انسداد پولیو مہم کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 19 ہزار 87 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 17 ہزار 859 موبائل ٹیمیں اور ایک ہزار237 فکسڈٹیمیں شامل ہیں، پولیو مہم کے معیار کو بہترین بنانے اور مہم کے دوران لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کیلئے 4 ہزار 909 ایریا انچارج تعینات کئے گئے ہیں۔

محمود خان نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرات کو کم سے کم کرنے کیلئے آپریشنل حکمت عملی میں ضروری ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے اور پولیو ٹیموں کو سرجیکل ماسک اور ہینڈ سینٹائزر سمیت تمام ضروری حفاظتی اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی طرح پولیو ٹیموں کے ارکان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سپروائزروں کو تھرمل گنیں مہیا کی گئی ہیں جو صبح ویکسنیشن پر روانگی سے قبل پولیو ورکرز کا ٹمپر یچر چیک کریں گے اور ٹیموں کو بھجوانے سے قبل ان میں نزلہ، گلے کی خراش، معدے کی خرابی جیسی ممکنہ علامات کا اندازہ لگائیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر اُمید ظاہر کی کہ میڈیا اور مقامی کمیونٹی کے بھر پور تعاون سے یہ انسداد پولیو مہم نہایت کامیاب رہے گی۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے مشن میں شامل اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خصوصی طور پرفرنٹ لائن پولیو ورکرز اور اس مشن سے وابستہ اہلکار ہمارے ہیرو ہیں جو تمام تر چیلنجز کے باوجود قوم کے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ کرنے اور وطن عزیز کی عزت و وقار کی خاطرمیدان عمل میں سرگرم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔