بنگلورومیں توہین رسالت سےمسلمانوں کےجذبات مجروح ہوئے، پاکستان کااحتجاج

ویب ڈیسک  بدھ 12 اگست 2020
گستاخانہ پوسٹ بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی عکاس ہے، پاکستان۔ فوٹو:فائل

گستاخانہ پوسٹ بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی عکاس ہے، پاکستان۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت میں مذہبی منافرت بی جے پی اور آر ایس ایس کی ہندو توا پالیسی کا نتیجہ ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی شہر بنگلورو میں گستاخانہ سوشل میڈیا پوسٹ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ  بھارت میں مذہبی منافرت بی جے پی اور آر ایس ایس کی ہندو توا پالیسی کا نتیجہ ہے، پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو پاکستان کی شدید مذمت سے آگاہ کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت میں گستاخانہ فیس بک پوسٹ پر مظاہرے، 3 افراد جاں بحق

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو (بنگلور) میں ایک انتہا پسند ہندو نے توہین رسالت کا ارتکاب کیا، گستاخانہ پوسٹ سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، گستاخانہ پوسٹ بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی عکاس ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس نے واقعے پر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا، اور تین مظاہرین کو بے دردی سے قتل کردیا، بھارت میں مذہبی منافرت بی جے پی اور آر ایس ایس کی ہندوتوا پالیسی کا نتیجہ ہے۔

،

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔