عمران خان کو وزیر اعظم بنوانے پر لوگ مجھے طعنے مارتے ہیں، جاوید میانداد

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 13 اگست 2020
بیرون ملک بھاگ گئے توکون پکڑے گا؟ بے روزگارپلیئرزمزدوریاں کررہے ہیں، جاوید میانداد ۔ فوٹو : فائل

بیرون ملک بھاگ گئے توکون پکڑے گا؟ بے روزگارپلیئرزمزدوریاں کررہے ہیں، جاوید میانداد ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: سابق کپتان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم بنوانے پر لوگ مجھے طعنے مارتے ہیں۔

سابق کپتان جاوید میانداد نے اپنے یو ٹیوب چینل پر پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں موجود لوگوں کوکرکٹ کا کچھ پتہ نہیں ہے، انہیں کھیل کی اے بی سی تک معلوم نہیں، جو ملک کے لیے غلط کررہے ہیں میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہاکہ اگر کوئی غلط کام کرکے بھاگ گیا تو انھیں کون پکڑے گا؟ پاکستان میں قابل لوگ نہیں تو پھر آپ باہر سے ضرور لائیں، صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہوں  گا۔

سابق کپتان نے وزیراعظم اور پی سی بی کے چیف پیٹرن عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جن لوگوں کو پی سی بی میں لائے ان کے بارے میں سوچیں کہ کون کیا کر رہا ہے، ملک میں عظیم کرکٹرز اور ماہر ایڈمنسٹریٹرز کی موجودگی میں کرکٹ چلانے کیلیے غیر ملکوں کو لانے کاکوئی جواز نہیں، پاکستان کرکٹ ہو یا ہاکی اس کیلیے دیگر ملکوں سے افراد کو بلانے کی آخر کیا ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹرز بے روزگار ہوگئے اور اب مزدوریاں کرنے پر مجبور ہیں، میری بات پوری دنیا میں سنی جاتی ہے، اب میں سیاست پر بھی بات کروں گا۔

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد نے سیاست میں آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنوایا تھا، انہیں وزیر اعظم بنوانے پر لوگ مجھے طعنے مارتے ہیں، عمران خان کا کپتان تھا، وہ میرے کپتان نہیں تھے انہیں چلانے والا ہی میں ہوتا تھا۔

واضح رہے چیف پیٹرن کی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کردی گئی جس کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی بے روزگار ہوگئے، جاوید میانداد ہمیشہ ہی اس منصوبے کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔