قوم نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور آئندہ بھی ثابت قدم رہے گی، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 14 اگست 2020
آج قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے اور دفاع وطن میں جان دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، عمران خان (فوٹو : فائل)

آج قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے اور دفاع وطن میں جان دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، عمران خان (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی دشمنی، دہشت گردی، قدرتی آفات، وبائی امراض کا بہادری اور استقامت سے مقابلہ کیا ہم آج عہد کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے اور مستقبل میں ہر مسئلے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کے لیے عہد کرنے اور  وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، قوم کے بیٹوں نے اس دھرتی اور اس کے نظریے کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، ہم نے اندرونی اور بیرونی محاذوں پر جنگ لڑی، ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی دشمنی، دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، قدرتی آفات، وبائی امراض کا بھی ہماری قوم نے ہمیشہ استقامت سے مقابلہ کیا ہم آج عہد کرتے ہیں ثابت قدم رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم “اتحاد ، ایمان اورتنظیم” کی مشعل راہ سے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اس ملک میں ایسا نظام حکومت بنائیں گے جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کے مطابق ہو، ایک ایسا نظام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی برقرار ہے، ہم نے “ریاست مدینہ” کو اپنا رول ماڈل منتخب کیا ہے۔

کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج یوم آزادی کے دن ہمارا دل بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہے جہاں گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرے جاری ہے، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔