حکومت کا آئی پی پیز کے ساتھ نیا معاہدہ ہوگیا، بجلی سستی ہوجائے گی، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 14 اگست 2020
نئے معاہدوں سے بجلی کی پیداواری لاگت اور سرکلر قرضوں میں کمی آئے گی، عمران خان

نئے معاہدوں سے بجلی کی پیداواری لاگت اور سرکلر قرضوں میں کمی آئے گی، عمران خان

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ نیا معاہدہ ہوگیا جس سے بجلی کی لاگت میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائد کے پاکستان کی طرف ہمارا سفر شروع ہوچکا ہے، قانون کی حکمرانی اور ہمدردی کی بنیاد پر ایک اسلامی فلاحی ریاست کی طرف گامزن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی پیز نے 10سال میں 1000ارب زائد وصول کئے،ٹرانسپیرنسی

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف کامیابی سے نمٹنے پر بھی قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، نقد امداد اور اسمارٹ لاک ڈاؤنز کے ذریعے ہم نے اپنے غریبوں کی حفاظت کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت پر دو بڑے بوجھ تھے جن میں سے ایک قرضے تھے اور دوسرا شعبہ توانائی تھا جو مہنگی بجلی بنارہا تھا، اللہ کا شکر ہے آمدنی بڑھنی شروع ہوگئی، جولائی میں ٹیکس آمدن ہدف سے زیادہ رہی جبکہ برآمدات بھی بڑھ رہی ہیں، اسٹاک مارکیٹ بھی اوپر چلی گئی ہے، حالات مزید بہتر ہوں گے۔ پچھلی حکومتوں نے مہنگے معاہدے کیے تھے جس سے گردشی قرضے بڑھ گئے تھے اور حکومت کو بھاری خسارہ ہورہا تھا، حکومت اور نجی بجلی گھروں کے مذاکرات جاری تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی پیز کواربوں کی ادائیگی سے عوام کو کیا ریلیف ملا؟ لاہور ہائیکورٹ

عمران خان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طویل مذاکرات کے بعد ہم نے گزشتہ روز آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، نئے معاہدوں سے بجلی کی پیداواری لاگت اور سرکلر قرضوں میں کمی آئے گی، اصلاحات کا اگلا ہدف بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر کرنا اور لائن لاسز کو کم کرنا ہے، ہم بجلی کے شعبے میں وراثت میں ملنے والے نقصان دہ ڈھانچے کو ٹھیک کر رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: قوم نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور آئندہ بھی ثابت قدم رہے گی، وزیراعظم

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے بہادر کشمیری بھائیوں کے لئے میرا پیغام ہے کہ ہماری قوم حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ ہے، ہم کشمیریوں کی ہر سطح پر ہر طرح کی مدد فراہم کریں گے، کشمیری قوم بہادری کے ساتھ ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کا مقابلہ کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔