پشاور، بی آر ٹی منصوبہ شہریوں کے لیے نعمت

ایڈیٹوریل  ہفتہ 15 اگست 2020
شہریوں کو بہترین سہولیات ملیں گی، ہائبرڈ بسوں کی بدولت ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ فوٹو: فائل

شہریوں کو بہترین سہولیات ملیں گی، ہائبرڈ بسوں کی بدولت ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بی آرٹی منصوبہ پشاورکے شہریوں کے لیے نعمت ہے،اس سے عام لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب آئے گا۔

شہریوں کو بہترین سہولیات ملیں گی، ہائبرڈ بسوں کی بدولت ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ بلاشبہ پشاور میٹروبس سروس کا اجرا عام آدمی کی زندگی میں  سہولت اورآسانی کا سبب بنے گا۔ سردست عام آدمی کی پہنچ کے مطابق دس سے پچاس روپے کا کرایہ رکھا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ محنت کشوں اور مزدوروں اور کم آمدنی والے افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

اس صورتحال میں حکومت کا فرض ہے کہ وہ کرائے کی مد میں رعایت کا سلسلہ برقرار رکھے، تاکہ  بآسانی سفرکا سلسلہ جاری وساری رہے۔ ملتان، لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد میں میٹروبس سروس انتہائی کامیابی سے رواں دواں ہے اور عوام کو ٹرانسپورٹ مافیا کے چنگل سے آزادی ملی ہے، اور اب پشاور میٹرو بس سروس شروع ہونے سے بھی غریب طبقے کو یقینا ریلیف ملے گا۔

درحقیقت پاکستان میں عام آدمی کے لیے سفری سہولیات کی انتہائی کمی ہے، جس کی وجہ سے سفر وسیلہ ظفر بننے کی بجائے زحمت بن جاتا ہے۔ مثال کے طور پر پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی کے شہری پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم موجودگی میں جس اذیت وکرب سے دوچار ہیں وہ احاطہ تحریر میں لانا مشکل ہے۔

گزشتہ دور حکومت میں شروع کیا جانے والا کراچی گرین لائن بس سروس کا منصوبہ تاحال مکمل نہ ہونے سے شہری اذیت سے دوچارہیں۔ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت،کراچی کے شہریوں کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے جلد ازجلد اس منصوبے کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ عوام کو بہترین اور سستی سفری سہولتیں میسر آسکیں اور ان کے مصائب وآلام میں بھی کمی واقع ہو۔

یہ وقت کی اہم ترین ضرورت  اس لیے بھی ہے کہ لاکھوں مزدورحصول روزگارکے لیے روزانہ مل ،فیکٹریوں اورکارخانوں کا رخ کرتے ہیں۔ کراچی ملکی معیشت کا حب ہے، اس کی صنعتیں چلیں گی تو ملک ترقی کی منازل طے کرے گا، ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی میں گرین لائن منصوبہ مکمل کرکے وفاقی حکومت عام آدمی کی مشکلات میں کمی لانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گی اور پشاورکی طرح کراچی کے عوام بھی بہترین سفری سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔