اسکواش کھلاڑی فرحان محبوب کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 15 اگست 2020
انٹرنیشنل ٹورنامنٹس جیتنے والے فرحان محبوب سابق عالمی کھلاڑی محبوب خان کے بیٹے اور جان شیر کے بھانجے بھی ہیں (فوٹو : فائل)

انٹرنیشنل ٹورنامنٹس جیتنے والے فرحان محبوب سابق عالمی کھلاڑی محبوب خان کے بیٹے اور جان شیر کے بھانجے بھی ہیں (فوٹو : فائل)

 کراچی: صدر پاکستان کی جانب سے بہترین خدمات کے اعتراف میں اسکواش کے کھلاڑی فرحان محبوب کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ فرحان محبوب نیپال میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز کے ٹیم ایونٹ کی گولڈ میڈلسٹ اسکواش ٹیم کے رکن تھے انہوں نے انفرادی ایونٹ میں برانز میڈل جیتا تھا۔ عالمی نمبر 66 فرحان محبوب عالمی رینکنگ میں 16 ویں پوزیشن پر بھی براجمان رہے۔

مختلف انٹرنیشنل ٹورنامنٹس جیتنے والے فرحان محبوب سابق عالمی کھلاڑی محبوب خان کے صاحبزادے اور سابق عالمی چیمپئین جان شیر کے بھانجے بھی ہیں۔ ان کے دیگر چار بھائی بھی عالمی کھلاڑی ہیں اور انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔

دریں اثنا صدارتی تمغہ حسن کارکردگی پانے والے سابق عالمی چیمپئین جہانگیرخان، جان شیرخان اور قمر زمان نے حکومت پاکستان کی جانب سے فرحان محبوب کو بھی یہ اعزاز عطا کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔