کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، بجلی کی فراہمی معطل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 15 اگست 2020
شہر کے کئی علاقوں میں بوندا باندی شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی (فوٹو : فائل)

شہر کے کئی علاقوں میں بوندا باندی شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی (فوٹو : فائل)

 کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور پھوار برسی جس کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں رات کو مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی اور کہیں کہیں پھوار بھی برسی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، پرانی سبزی منڈی، پی آئی بی کالونی، بہادر آباد، ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی روڈ، برنس روڈ اور شارع فیصل پر بوندا باندی اور  پھوار برسی ہے۔

مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

دریں اثنا شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اورنگی ٹاؤن بلاک ایل، طوری بنگش، گلشن ضیاء، بلدیہ اتحاد ٹاؤن، قائم خانی کالونی، گلشن غازی اور اطراف میں 9 بجے سے بجلی غائب ہے۔

ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیش گوئی

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتے کو شہر قائد میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب حدت رہی، خلیج بنگال سے متوقع سسٹم شہر میں داخل ہونے سے قبل ہی کمزور پڑگیا، گرج کے ساتھ بارشوں کا امکان نہیں، صبح اور رات کے وقت ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری محسوس کیا گیا، موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.3 ڈگری ریکارڈ ہوا (گرمی کا احساس، فیل لائیک 40 ڈگری رہا)، ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 78 اور شام کو 68 فیصد رہا جس کی وجہ سے گرمی اصل سے زائد محسوس ہوئی، سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی،

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی عبدالقیوم بھٹو کے مطابق خلیج بنگال سے متوقع مون سون سسٹم نے سندھ کے اضلاع خیرپور اور مٹھی میں تو بارشیں دی ہیں مگر شہر میں داخل ہونے سے قبل کمزورپڑ گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اب شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان نہیں ہے تاہم صبح و رات کے اوقات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔