امریکا ؛ سیاہ فام شخص پر پولیس فائرنگ کیخلاف مظاہرے میں 2 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 26 اگست 2020
امریکی ریاست وسکونسن میں سیاہ فام شہری کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر تین روز پُرتشدد مظاہرے جاری ہیں، فوٹو : فائل

امریکی ریاست وسکونسن میں سیاہ فام شہری کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر تین روز پُرتشدد مظاہرے جاری ہیں، فوٹو : فائل

لیوزیانا: امریکا میں سیاہ فام جیکب کی پولیس کی فائرنگ کے کیخلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران مزید دو شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن میں سیاہ فام شخص جیکب پر بلا جواز اور غیر قانونی طور پر پولیس کی فائرنگ  پر احتجاجی مظاہرے تیسرے روز پُرتشدد ہوگئے اور مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ یہ افراد پولیس کی فائرنگ کا نشانہ بنے، پولیس نے براہ راست مظاہرین کو گولیوں کا نشانہ بنایا ہے جب کہ فائرنگ سے ہونے والی دھکم پیل میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : امریکا میں پولیس کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام قتل

پولیس نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربر کی گولیاں استعمال کیں، مظاہرین اپنی ہی گولیوں کا نشانہ بنے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین شدید خوف کے عالم میں اِدھر اُدھر بھاگ رہے ہیں اور گولیوں کی ترتڑاہٹ کی آوازیں آرہی ہیں۔ خواتین کے رونے اور بچوں کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ تین روز قبل پولیس نے سیاہ فام شہری جیکب کی پشت پر 7 گولیاں اُس وقت برسائیں جب جیکب کے 3 بچے گاڑی میں بیٹھے ہوئے تھے اور اپنے باپ کو تڑپتا دیکھ کر رو رہے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔