حکومتی رعایات سے اس طبقے نے فائدہ اٹھایا جو اس کا مستحق نہیں تھا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  بدھ 26 اگست 2020
ماضی میں سبسڈی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور نہیں کیا گیا،وزیر اعظم۔ فوٹو: فائل

ماضی میں سبسڈی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور نہیں کیا گیا،وزیر اعظم۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  ماضی میں سبسڈی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا، جس کی وجہ سے ان وسائل سے وہ طبقات بھی فائدہ اٹھاتے رہے جو اس کے مستحق نہیں تھے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈی کو مستحق افراد تک موثر طریقے سے پہنچانے اور غربت کا شکار اور کم آمدنی والے طبقات کی بنیادی اشیائے ضروریہ کے حوالے سے سبسڈی کے نظام کو بہتر بنانے کے ضمن میں مختلف تجاویز پر غور کیاگیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کمزور اور غربت کا شکار افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ہماری ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سبسڈی کے نظام کو موثر، شفاف اور اہداف کے مطابق بنایا جائے، یقینی بنایا جائے کہ سرکاری خزانے سے خرچ کی جانے والی رقم کا بہترین استعمال ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں سبسڈی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا، جس کی وجہ سے ان وسائل سے وہ طبقات بھی فائدہ اٹھاتے رہے جو اس کے مستحق نہیں تھے۔ وزیرِ اعظم نے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ، سیکرٹری خزانہ، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور کم آمدنی والے طبقات کی بنیادی اشیائے ضروریہ کے حوالے سے  سبسڈی کی فراہمی کی تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔