گرین شرٹس کا زوال کی جانب سفر مزید تیز

اسپورٹس رپورٹر  منگل 1 ستمبر 2020
بابرتیز ترین 15سورنز میں کوہلی اورفنچ کے ہم پلہ،حفیظ کے2ہزاررنز مکمل ۔  فوٹو : فائل

بابرتیز ترین 15سورنز میں کوہلی اورفنچ کے ہم پلہ،حفیظ کے2ہزاررنز مکمل ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: پانچ میں سے چوتھی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے کا خطرہ پاکستان کے سر پر منڈلانے لگا جب کہ سرفراز احمد کی قیادت میں مسلسل 11بار سرخرو ہونے والے گرین شرٹس کا زوال کی جانب سفر مزید تیز ہو جائے گا۔

پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 2016سے 2019 تک مسلسل 11ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتیں،27ماہ تک عالمی نمبر ون پوزیشن پر بھی قبضہ رہا، ناکامیوں کا سلسلہ شروع ہوا تو گذشتہ 4میں سے صرف ایک سیریز بنگلہ دیش کیخلاف جیتی، منگل کو انگلینڈ سے میچ میں بھی ناکامی ہوئی یا مقابلہ بے نتیجہ بھی رہا تو یہ چوتھی سیریز میں شکست ہوگی۔

دوسری جانب اتوار کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابراعظم نے 15سو رنزمکمل کرلیے،انھوں نے یہ سنگ میل 39ویں اننگزمیں عبور کرتے ہوئے کوہلی اور ایرون فنچ کو جوائن کرلیا ہے، اسی میچ میں محمد حفیظ کیرئیر میں 2ہزار رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے۔ ان سے پہلے شعیب ملک یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔

گرین شرٹس یہ میچ انگلینڈ کیخلاف اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 195بنانے کے باوجود ہار گئے،اس سے قبل مئی 2019میں کارڈف میں 172رنز بنائے تھے جو ناکافی ثابت ہوئے۔

پاکستان ٹیم اپنی تاریخ میں دوسری بار 180سے زائد رنز بنانے کے باوجود ہاری ہے، اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2010میں مائیک ہسی نے سعید اجمل کی پٹائی کرتے ہوئے فتح چھین لی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔