شام پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں خاتون سمیت 11 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 1 ستمبر 2020
حملہ شامی دارالحکومت دمشق کے جنوبی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا، فوٹو : فائل

حملہ شامی دارالحکومت دمشق کے جنوبی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا، فوٹو : فائل

دمشق: شام میں اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں ایران نواز ملیشیا کے 7 اور شامی فوج کے 3 اہلکار مارے گئے جب کہ ایک خاتون بھی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دمشق کے جنوبی علاقے میں اسرائیل نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

برطانوی مانیٹرنگ گروپ ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں ایران نواز ملیشیا کے 7 غیر مقامی ارکان اور شامی فوج کے تین اہلکار شامل ہیں جب کہ ایک خاتون راہگیر بھی زد میں آئیں۔

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی اس علاقے میں اسرائیل فضائیہ کے حملے میں 7 فوجی اہلکاروں سمیت دو شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی تاہم غیر جانبدار ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ شام میں حکومتی اور اتحادی افواج نے ملک کے بیشتر حصوں سے داعش کا قبضہ واگزار کروالیا ہے تاہم ادلب کے کچھ علاقوں میں اب بھی افواج کو جنگجوؤں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔