راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ پاکستانیوں کے لیے شاہ کار ثابت ہوگا، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  منگل 1 ستمبر 2020
منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، عمران خان۔ فوٹو:فائل

منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، عمران خان۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں حکومتی اقدامات کی بدولت تعمیرات کے شعبے کو حوصلہ افزاء فروغ حاصل ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلی پنجاب  عثمان بزدار، معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر، معاون خصوصی زلفی بخاری، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ راشد عزیز اور سینئر سرکاری افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کو چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ نے منصوبے کی ٹائم لائنز، منصوبے میں بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی گہری دلچسپی، انفراسٹرکچر کے حوالے سے ریگولیشن، اور تنظیمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی تکمیل میں اعلی بین الاقوامی تعمیراتی معیار، ماحول کے تحفظ، لاہور میں پانی کی کمی اور آبی آلودگی کے مستقل حل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منصوبے کی جلد تکمیل پر زوردیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومتی اقدامات کی بدولت تعمیرات کے شعبے کو حوصلہ افزاء فروغ حاصل ہوا ہے، وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی منصوبے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور کے رہائشیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ منصوبہ ایک شاہکار ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور اس ضمن میں کسی بھی انتظامی رکاوٹ کو فوری دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔