1000 افغان طلبہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں اسکالرشپ کیلئے اہل قرار

ویب ڈیسک  منگل 1 ستمبر 2020
پاکستانی جامعات میں 800 انڈر گریجویٹ، 150 ماسٹرز اور 50 پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرسکیں گے، ایچ ای سی۔ فوٹو:فائل

پاکستانی جامعات میں 800 انڈر گریجویٹ، 150 ماسٹرز اور 50 پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرسکیں گے، ایچ ای سی۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد / کابل: اعلی تعلیمی کمیشن(ایچ ای سی) نے 1000 افغان طلبہ کو پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں اسکالرشپس کیلئے اہل قرار دے  دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغان طلباء کو وظائف کی فراہمی کے حوالے سے ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق 1000 افغان طلبہ پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں اسکالرشپس کیلئے اہل قرار  دیے گئے ہیں۔

ایچ ای سی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پروگرام کے لیے 16ہزار سے زائد طلباء نے درخواستیں جمع کروائی تھیں، جن  میں سے ایک ہزار طلبہ اسکالرشپ کے لئے اہل قرار دیے گئے۔ کام یاب امیدوار پاکستانی جامعات میں 800 انڈر گریجویٹ، 150 ماسٹرز اور 50 پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرسکیں گے، طلباء کا انتخاب کابل میں موجود پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانوں کی معاونت سے اسکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز 2009میں کیا گیااور اب تک اس پروگرام سے 4500 طلباء مستفید ہو چکے ہیں، اور وہ طلباء افغانستان کے مختلف اداروں اور وزارتوں میں کام کر رہے ہیں، ایم بی بی ایس ڈاکٹرز عالمی وباء کے دوران افغانستان میں کرونا وائرس کے خلاف لڑائی میں اولین دستے میں لڑتے رہے ہیں۔

ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے مقاصد کے پیش نظر کیے گئے بین الاقوامی اقدامات کا حصہ ہے، پاکستان بھی افغانستان اور علاقائی استحکام کے لیے ہونے والی کاوشوں میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔