امریکا کو نئی سفارتی پابندیوں پر بھرپور جواب دیں گے، چین

ویب ڈیسک  جمعـء 4 ستمبر 2020
امریکی وزارت خارجہ نے چینی سفارت کاروں پر بے جا پابندیاں عائد کیں، ترجمان چین ( فوٹو : فائل)

امریکی وزارت خارجہ نے چینی سفارت کاروں پر بے جا پابندیاں عائد کیں، ترجمان چین ( فوٹو : فائل)

بیجنگ: چین نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ملکی سفارت کاروں پر عائد پابندیوں کا مناسب اور ضروری جواب بھرپور انداز سے دیا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنیانگ نے امریکا کی جانب سے چینی سفارت کاروں پر جامعات کے دوروں یا آفیشل سے ملاقات کرنے سے قبل وزارت خارجہ سے اجازت لینے کی پابندی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اپنے سفیروں پر بے جا پابندیوں کے بارے میں بھرپور جواب دے گا۔

ترجمان ہوا چنیانگ نے مزید کہا کہ چینی سفارت کاروں پر امریکا میں جامعات اور تعلیمی اداروں کے دورے سے قبل امریکی وزارت خارجہ کو آگاہ کرنے اور اجازت لینے کی پابندی بین الاقوامی قوانین اور عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : امریکا نے چینی سفارت کاروں پر نئی پابندیاں عائد کردیں

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ نے چینی سفیروں پر امریکا میں بلااجازت تعلیمی دوروں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پابندیاں چین کی جانب سے امریکی سفارتکاروں پر چین میں یونیورسٹیوں کے دورے سے قبل منظوری لینے کی پابندی کے بعد لگائی گئی ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : سرحدی جھڑپ میں بھارتی اہلکار کی ہلاکت کا دعویٰ درست نہیں، چین

اس حوالے سے بیجنگ میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان کا بھی کہنا تھا کہ امریکی سفیروں کی یونیورسٹیز کے دورے کی اجازت کی درخواست کو یا تو مستقل طور پر مسترد کردیا جاتا ہے یا آخری لمحے میں منسوخ کردی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی کا آغاز صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالتے ہی شروع ہوگیا تھا تاہم گزشتہ برس سے تناؤ میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر پابندیاں سخت سے سخت کرتے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔