اوورسیز پاکستانیوں کی انتخابات میں حصہ لینے کی آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری

ویب ڈیسک  جمعـء 4 ستمبر 2020
نئی ترمیم کے تحت دہری شہریت کا حامل شخص الیکشن لڑنے کا اہل ہو گا، مشیر پارلیمانی امور۔ فوٹو:فائل

نئی ترمیم کے تحت دہری شہریت کا حامل شخص الیکشن لڑنے کا اہل ہو گا، مشیر پارلیمانی امور۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کی انتخابات میں حصہ لینے کی آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت کے لیے آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔  اس حوالے سے مشیر پارلیمانی امور بیرسٹر بابراعوان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سےکیا وعدہ پورا کر دیا۔

مشیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ ترمیم کی منظوری کیلئے معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، نئی ترمیم کے تحت دہری شہریت کا حامل شخص الیکشن لڑنے کا اہل ہو گا، الیکشن ہارنے کی صورت میں دہری شہریت چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہو گی، الیکشن جیتنے کی صورت میں عہدے کا حلف اٹھانے سے پہلے شہریت چھوڑنا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔