ملک بھر میں توہین قرآن وگستاخانہ خاکوں کیخلاف شدید احتجاج

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 5 ستمبر 2020
ختم نبوت الائنس، تنظیم الاخوان، مجلس وحدت مسلمین، تحریک لبیک کے شہر شہر اجتماعات ۔  فوٹو : ایکسپریس

ختم نبوت الائنس، تنظیم الاخوان، مجلس وحدت مسلمین، تحریک لبیک کے شہر شہر اجتماعات ۔ فوٹو : ایکسپریس

 لاہور /  راولپنڈی /  اسلام آباد:  13دینی جماعتی اتحادتحفظ ختم نبوت الائنس پاکستان میں شامل تمام مکاتب فکرکی دینی جماعتوں نے توہین قرآن وگستاخانہ خاکوں اورمقدس ہستیوں پررکیک حملوں کے خلاف پورے ملک میں یوم احتجاج منایا۔

مساجد میں اجتماعات جمعہ پر چاروں مسالک علما کرام نے گستاخانہ حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں پاس کرائیں اورکہاکہ توہین قرآن اورگستاخانہ خاکے مقدس ہستیوں کی توہین سراسراسلام دشمنی ہے۔

ورلڈپاسبان ختم نبوت نے یوم تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت  منایا، پیر سلمان، مولانا عبدالروف، علامہ ممتازاعوان، شعیب الرحمن قاسمی، پیر سید ولی اللہ،حافظ نعمان ،قاری حنیف حقانی، مولانااسلم ندیم،پیرطارق نقشبندی اورقاری رحیمی نے اجتماعات سے خطابات کئے۔

اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر کی ہدایت پر ملک بھر میں’یوم تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت‘ منایا اہلسنت کے گرفتار علماء کی فوری رہائی کے مطالبے کے قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی ، مرکزی صدر وفاق المدارس الشیعہ ریاض حسین نجفی اور سربراہ جامعۃ الکوثر اسلام آباد محسن علی نجفی نے مشترکہ بیان میں کہا وطن ِعزیز کی حفاظت وبقا کیلئے ہماری شرعی اوراخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مسلمہ مقدسات کااحترام کریں۔

امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی خواہشات نفس کے اسیر ہو چکے ہیں،اس سے محبت کی بجائے نفرت بڑھتی ہے۔

ادھر فرانسیسی جریدے میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت اور سویڈن میں قرآن کریم جلائے جانے کے روح فرسا واقعہ کے خلاف راولپنڈی میں تحریک لبیک پاکستان نے بھی نماز جمعہ کے بعد لیاقت باغ سے فیض آباد اسلام آباد تک اختجاجی ریلی نکالی،ریلی کے شرکا نے فرانس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

قائدین نے فرانسیسی سفیر کو پاکستان سے بے دخل کرنے کی قرارداد منظور کرانے کے بعد ریلی کو پرامن طور پر ختم کر دیا،مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف بھی اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور آزادجموں و کشمیر میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔