نواز شریف واپس نہ آئے تو (ن) لیگ بکھر جائے گی، شیخ رشید

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 ستمبر 2020
پیپلزپارٹی اور ن لیگ اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دیں گے ، شیخ رشید فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی اور ن لیگ اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دیں گے ، شیخ رشید فوٹو: فائل

 لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف واپس نہ آئے تو (ن) لیگ بکھر جائے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے پر چیف جسٹس نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے، ریلوے کی بہتری کےلیے اقدامات کیے جارہے ہیں، رواں سال کی اچھی خبر ایم ایل ون منصوبہ ہے اور دوسری خبر کراچی سرکلر ریلوے ہے، کے سی آر کا ٹریک ڈبل کیا جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے، اپوزیشن ہمیشہ یہی کہتی ہے ناقص پالیسیاں ہیں، یہ ان کی اپنی پرانی پالیسیاں تھیں۔ اپوزیشن نے فضل الرحمان کے پیچھے لگ کر اپنی سیاسی عاقبت خراب کی، اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دیں گے، اپوزیشن جماعتیں جلسہ جلوس کرسکتی ہیں دھرنا نہیں دے سکتیں۔

مسلم لیگ (ن) میں دھڑے بندی کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کے ساتھ (ن) لیگ ہے ، ش لیگ نہیں ہے، ش (شہباز ) لیگ مریم نواز کے ساتھ عدالت میں نہیں گئی، مریم کو جب یقین ہوا کہ باہر نہیں جاسکتی تو پتھراؤ کیا گیا، ملکی سیاست میں نواز شریف اور آصف زرداری کی کوئی گنجائش نہیں، نواز شریف واپس آجاتے ہیں ان کی سیاست بہتر ہوسکتی ہے، نواز شریف واپس نہ آئے تو ن لیگ بکھر جائے گی، وہ واپس آگئے تو ن لیگ اکٹھی رہ سکتی ہے،اگر 10 ستمبر کو نواز شریف جاتے ہیں تو (ن) لیگ اکھٹی رہ سکتی ہے ورنہ (ش) لیگ ضرور نکلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔