ایران میں کلورین دھماکے میں 217 افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 ستمبر 2020
کلورین دھماکا ڈرائیور کی غفلت سے ہوا، پولیس (فوٹو : ٹویٹر)

کلورین دھماکا ڈرائیور کی غفلت سے ہوا، پولیس (فوٹو : ٹویٹر)

تہران: ايران ميں ٹرک کے ذریعے کلورین گیس سے بھرے سلنڈرز کی منتقلی کے دوران دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں 217 افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی ايران ميں کلورين گيس کے سلنڈرز کو ٹرک کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس دوران زوردار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 217 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 13 افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

دھماکے سے افراتفری مچ گئی اور کئی افراد بھگدڑ میں کچلے جانے کے باعث زخمی ہوئے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے خوفناک آگ پر قابو پالیا ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

تہران پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے ہوا، جو کلورین سے بھرے سلنڈرز کو غیر محتاط انداز سے لے جا رہا تھا اور جس کے لیے کوئی بھی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ایران کی وزارت داخلہ نے کلورین دھماکے میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔