سندھ بھر کے بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتیوں کی فہرست تیار

اسٹاف رپورٹر  پير 7 ستمبر 2020
سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ڈسٹرکٹ کونسلز میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ڈسٹرکٹ کونسلز میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو : فائل)

 کراچی: سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتیوں کے حوالے سے حتمی فہرست تیار کرلی، وزیر اعلی کی منظوری سے فہرست چیف سیکریٹری آفس ارسال کردی گئی جلد نوٹی فکیشن جاری ہوجائے گا۔

محکمہ بلدیات کی ارسال کردہ فہرست کے مطابق سندھ حکومت نے گریڈ 21 کے افسر افتخار شالوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کردیا ہے جبکہ کراچی کے 6 ڈی ایم سیز میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔

ضلع کونسل کراچی کے لیے ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر گہنورخان لغاری کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔ سندھ بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ٹاؤن کمٹییز جبکہ یونین کونسلز میں متعلقہ مختار کاروں کو ایڈمنسٹریٹرز تعینات کیا گیا ہے۔

کراچی کی ڈی ایم سی جنوبی کراچی میں ارشاد سوڈہر، ضلع غربی میں سلیم اللہ اوڈھو کو بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔ کراچی کے ضلع شرقی میں ڈپٹی کمشنر محمد علی شاہ  اور ملیر کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔

کراچی کے ضلع کورنگی کے لیے شہریار میمن کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔ ڈی ایم سی حیدرآباد کے لیے ڈپٹی کمشنر کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے گریڈ 19 کے افسر صفدر بگھیو کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح سکھر ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے شہزاد افضل، سکھر میونسپل کارپوریشن میں گریڈ 19 کے افسر ناصر احمد میمن کو بطور ایڈمنسٹریٹر لگایا گیا ہے۔ لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے لیے گریڈ 18 کے افسر ولی محمد بلوچ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ارسال کردہ فہرست کے مطابق سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ڈسٹرکٹ کونسلز میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹرز کی تقرریوں کا باضابطہ حکم نامہ جلد جاری کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔