احسان مانی اور وسیم خان کا سینٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

اسپورٹس رپورٹر  پير 7 ستمبر 2020
عہدیداروں کی بھاری تنخواہوں پر تعیناتیوں اور ڈومیسٹک کرکٹ پر بازپرس ہوگی

عہدیداروں کی بھاری تنخواہوں پر تعیناتیوں اور ڈومیسٹک کرکٹ پر بازپرس ہوگی

پی سی بی کے سربراہ احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان سمیت بورڈ کے چار بڑے فیصلہ سازوں نے  سینٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

سینٹ اسٹینڈنگ کمیٹی ممبران کے بار بار بلانے کے باوجود چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو سمیت بورڈ کے دیگر فیصلہ سازوں نے زیادہ لفٹ نہیں کرائی جس پر کمیٹی ممبران نے اپنے اجلاسوں میں کئی بار سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

بورڈ ذرائع کے مطابق 11 ستمبر کو شیڈول اجلاس میں  بورڈ چیئرمین احسان مانی ، سی ای او وسیم خان، چیف فنانشل آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر پیش ہوں گے، ان سب کی موجودگی میں اجلاس کا ماحول خاصا گرما گرم ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے زیادہ عہدیداروں کی بھاری تنخواہوں پر تعیناتیوں کے ساتھ، ڈومیسٹک کرکٹ اور دوسرے اہم ایشوز پر بازپرس ہوگی۔ یہ اجلاس 31 اگست کو بلایا گیا تھا لیکن بورڈ سربراہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی برطانیہ موجوگی کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔