کراچی سے اغوا کی گئی ننھی سائرہ بحفاظت بازیاب

اسٹاف رپورٹر  بدھ 9 ستمبر 2020
اللہ کا شکر ہے بیٹی بحفاظت مل گئی، کسی سے کوئی دشمنی نہیں، والد کریم خان . فوٹو : ایکسپریس

اللہ کا شکر ہے بیٹی بحفاظت مل گئی، کسی سے کوئی دشمنی نہیں، والد کریم خان . فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: سہراب گوٹھ کے علاقے سے اغوا کی جانے والی 4 سالہ ننھی سائرہ بحفاظت بازیاب ہوگئی جس سے اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ایس ایچ او سہراب گوٹھ عبدالرسول سیال نے ایکسپریس کو بتایا کہ 4 سالہ سائرہ صبح 9 بجے کے قریب گھر سے چیز خریدنے نکلی تھی اور گھر کے قریب سے اغوا ہوئی تھی، اس واقعے سے متعلق گھر کے قریب کھیلنے والے بچوں کا کہنا تھا کہ سائرہ کو سیاہ کار میں سوار ملزمان نے اغوا کیا تاہم ان بچوں کے علاوہ کسی نے ننھی سائرہ کو اغوا کرتے ہوئے نہیں دیکھا تھا۔

عبدالرسول کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق اہل محلہ نے مدد گار 15 پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور ننھی سائرہ کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے مختلف مقامات پر اس کی تلاش شروع کردی۔

ایس ایچ اور نے مزید بتایا کہ پولیس کی فوری کارروائی سے گھبرا کر ملزمان کمسن سائرہ کو جونیجو ٹاؤن کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے جسے پولیس نے بحفاظت بازیاب کرلیا، سائرہ کے والد کا آبائی تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جب کہ وہ کلفٹن آشیانہ مارکیٹ میں کپڑے کا کام کرتا ہے۔

والد کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے کچھ پتہ نہیں کہ بچی کو کیوں اغوا کیا گیا تھا تاہم اللہ کا شکر ہے کہ میری بیٹی بحفاظت واپس آگئی ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

سائرہ کے چچا کا کہنا تھا کہ میڈیا اور پولیس کے پریشر سے ڈر کر ملزمان بچی کو چھوڑ کر چلے گئے جب کہ ننھی سائرہ کے جسم پر نہ تو کوئی چوٹ کا نشان ہے اور نہ ہی کوئی زخم ہے۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد بچی کو اہلخانہ کے حوالے کردیا، بچی جب گھر پہنچی تو اہلخانہ اور اہل محلہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ ننھی سائرہ کو والہانہ پیار کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔