موٹروے زیادتی؛ سی سی پی اوکے بیان کو خواہ مخواہ متنازع بنایا جا رہا ہے، شہزاد اکبر

ویب ڈیسک  جمعرات 10 ستمبر 2020
ہم پولیس کلچر تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شہزاد اکبر فوٹو: فائل

ہم پولیس کلچر تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شہزاد اکبر فوٹو: فائل

 لاہور: وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ امور شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس سے متعلق سی سی پی او کی بات کا غلط مطلب نکالا گیا ہے۔

سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ موٹروے زیادتی واقعہ میں انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پولیس کلچر تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے بات ہوئی ہے۔ آئندہ چند دنوں میں جرائم کی شرح کم ہو گی۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق سی سی پی او کے بیان کاغلط مطلب نکالا گیا۔ ان کے بیان کو خواہ مخواہ متنازع بنایا جا رہا ہے۔ ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ ہم کوئی ایسا غیرمحفوظ معاشرہ ہیں کہ کسی کو کسی بھی وقت گھر سے نکلنے پر کوئی مسئلہ ہو۔ اگر کوئی واقعہ ہوتا ہے تو ان عناصر کو گرفتار کرنا اور کیفر کردار تک پہنچانا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے کہا تھا کہ تین بچوں کی ماں کو آدھی رات میں اکیلے موٹروے سے جانے کی ضرورت کیا تھی ، وہ جی ٹی روڈ سے کیوں نہ گئيں جہاں آبادی تھی؟، انہیں پیٹرول بھی چیک کرنا چاہیے تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔