کرکٹرز کیلیے 2 کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی شرط

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 11 ستمبر 2020
کلیئر قرار پانے والوں کو بائیو سیکیور ماحول میں رکھنے کے انتظامات جاری
فوٹو : فائل

کلیئر قرار پانے والوں کو بائیو سیکیور ماحول میں رکھنے کے انتظامات جاری فوٹو : فائل

 لاہور:  قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کرکٹرز کیلیے 2 کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی شرط عاید کر دی گئی۔

جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی جنید ضیا نے پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران 6ایسوسی ایشنز کی ٹیموں میں شامل کرکٹرز اور معاون اسٹاف کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا، اسی لیے 2کورونا ٹیسٹ منفی آنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اگر کسی کھلاڑی کی جانچ پر نتیجہ مثبت آجاتا ہے تو اتنا وقت نہیں ہوگا کہ صحتیابی کیلیے زیادہ انتظار کیا جا سکے، ریزرو پلیئرز کا ایک پول پہلے سے منتخب کرلیا گیا ہے تاکہ ٹیموں کو کمبی نشن بنانے میں زیادہ مشکل پیش نہ آئے۔

یاد رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 3ستمبر سے ملتان میں شروع ہوگا،دوسرے مرحلے کے میچز اور فائنل راولپنڈی میں شیڈول ہیں، 2 کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی شرط آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز میں شامل ہے۔ اس پر انگلینڈ میں میزبان ٹیم کی ویسٹ انڈیز، پاکستان، آئر لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں بھی عمل کیا گیا تھا۔

دریں اثنا یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ بطور بائیو سیکیورٹی آفیسر انگلینڈ کا دورہ کرنے والے پی سی بی شعبہ اسپورٹس میڈیسن اینڈ سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے وہاں سے حاصل تجربات کی روشنی میں ایک لائحہ عمل حکام کو دیا ہے، عمل درآمد یقینی بنانے کیلیے بورڈ انتظامات کی پلاننگ کررہا ہے،اس میں کورونا فری کرکٹرز اور معاون اسٹاف کا ملتان میں بائیوسیکیور ماحول میں قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔