سندھ؛ رواں سال اسکول و کالجز میں 30 تا 50 فیصد کورس پڑھانے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 11 ستمبر 2020
سیکریٹری تعلیم سندھ نے اسکول و کالج کیلیے کورس پڑھانے کا طریقہ کار تیار کرلیا، 2021ء میں تعلیمی سال مئی سے شروع ہوگا (فوٹو: فائل)

سیکریٹری تعلیم سندھ نے اسکول و کالج کیلیے کورس پڑھانے کا طریقہ کار تیار کرلیا، 2021ء میں تعلیمی سال مئی سے شروع ہوگا (فوٹو: فائل)

 کراچی: سیکریٹری تعلیم سندھ نے اسکول اور کالج کے لیے کورس پڑھانے کا طریقہ کار تیار کرلیا، رواں سال تعلیمی اداروں میں اہم مضامین کا کورس 30 سے 50 فیصد تک پڑھایا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے 10 ماہ کا کورس 6 ماہ میں مکمل کرنے کا حل نکال لیا، قائم مقام سیکریٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو نے اسکول و کالج میں کورس پڑھانے کا طریقہ کار تیار کرلیا جس کے مطابق گیارہویں اور بارہویں جماعت میں طلبا کو سائنس، ریاضی اور انگلش کا 30 فیصد کورس پڑھایا جائے گا۔

اسی طرح نویں اور دسویں جماعت کے طلبا کو سائنس، ریاضی، سندھی اور انگلش کا 40 فیصد کورس پڑھایا جائے گا جبکہ چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو سائنس، ریاضی اور انگلش کا 50 فیصد کورس پڑھایا جائے گا۔

پہلی سے پانچویں جماعت کے طلبا کو لٹریسی، ریاضی اور جنرل نالج کا 30 فیصد کورس پڑھایا جائے گا اور اسی ترتیب کے تحت طلبا و طالبات کے امتحانات بھی لیے جائیں گے۔ سال 2021ء میں تعلیمی سیشن مئی سے شروع کیا جائے گا۔

اس ضمن میں وزیر تعلیم کی منظوری کے بعد سیکریٹری تعلیم باقاعدہ طور پر سرکاری نوٹی فکیشن جاری کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔