پاور لفٹنگ میں عالمی ریکارڈ بنانے والی چار بہنیں حکومتی حوصلہ افزائی کی منظر

میاں اصغر سلیمی  جمعـء 11 ستمبر 2020
دبئی میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں چاروں بہنوں نے میڈلز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ فوٹو: فائل

دبئی میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں چاروں بہنوں نے میڈلز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پاور لفٹنگ میں عالمی ریکارڈ بنانے والی چار مسیحی بہنوں کی حوصلہ افزائی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا گیا۔

پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل راشد ملک کی طرف سے خط میں لکھا گیا ہے کہ چار حقیقی بہنوں ٹوینکل، سائبل، ویرونیکا اور مریم نے 18 تا 24 ستمبر 2018ء دبئی میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی اور سب نے میڈلز جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ٹوئنکل سہیل نے نہ صرف ایشیائی چیمپئن شپ کے دوران گولڈ میڈل جیتا بلکہ ایشیائی ایونٹ میں طلائی تمغے جیتنے کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔ ٹوئنکل سہیل پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون پاور لفٹر تھیں جنہوں نے 2015ء میں اومان میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کے دوران شرکت کی اور اپنے پہلے ہی انٹرنیشنل ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے میں بھی کامیاب رہی۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ 2 سال کی انکوائری کے بعد ایشین پاور لفٹنگ فیڈریشن نے یہ تسلیم کیا ہے کہ چار بہنوں کا ایک ہی ایونٹ میں شرکت کرنا اور میڈلز جیتنا ایک عالمی ریکارڈ ہے، ہم ان پلیئرز کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں دبئی بلانا چاہتے تھے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں اپنے ہاں مدعو نہ کرسکے۔

سیکریٹری پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ چاروں حقیقی بہنوں نے عالمی ریکارڈ بنا کر پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ان بہنوں کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاﺅس میں تقریب کا اہتمام کیا گیا اور پاور لفٹرز بہنوں کی انعام و کرام کے ذریعے حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ یہ پلیئرز پہلے سے بھی زیادہ محنت کر کے عالمی سطح پر پاکستان کے نام کو روشن کرنے کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھ سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔