آئندہ سال موسم گرما کی تعطیلات صرف ایک ماہ کی ہوں گی، سعید غنی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 12 ستمبر 2020
نجی اسکولوں کو صرف 5 فیصد فیسوں میں اضافے کی اجازت ہوگی انہیں کووڈ 19 کے نام پر اضافی چارجز وصول کرنے نہیں دیں گے (فوٹو : ایکسپریس)

نجی اسکولوں کو صرف 5 فیصد فیسوں میں اضافے کی اجازت ہوگی انہیں کووڈ 19 کے نام پر اضافی چارجز وصول کرنے نہیں دیں گے (فوٹو : ایکسپریس)

 کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 15 ستمبر سے اسکول کھولنا ایک مشکل فیصلہ ہے، رواں برس موسم گرما کی تعطیلات صرف ایک ماہ کے لیے جولائی میں ہوں گی تعلیمی سال 15 ستمبر سے 15 اپریل تک رہے گا جبکہ آئندہ تعلیمی سال 3 مئی 2021 سے شروع ہوگا۔ 

یہ باتیں انہوں نے جمعہ کو محکمہ تعلیم کے اعلیٰ سطح اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس میں کہیں۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، سیکریٹری کالجز باقر نقوی، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم آصف میمن، ڈاکٹر فوزیہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈائریکٹرز، آر ایس یو چیف پروگرام مینجر حنیف، ڈی جی پرائیویٹ اسکول منصوب صدیقی سمیت تمام اعلیٰ افسران موجود تھے۔

سعید غنی نے کہا کہ 15 ستمبر سے مرحلہ وار صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو کھولا جارہا ہے، جس کے تحت پہلے فیز میں کلاس نویں سے جامعات تک، دوسرے مرحلے میں 22 ستمبر سے کلاس 6 سے 8 تک جبکہ 28 ستمبر سے پری پرائمری اور پرائمری کلاسوں کو کھولا جارہا ہے، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے کیونکہ بازار اور مارکیٹوں سمیت دیگر اداروں کے مقابلے میں تعلیمی اداروں کو کھولنا ایک مشکل کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ختم نہیں ہوا اور خدانخواستہ دوبارہ بڑھ بھی سکتا ہے اس لیے ہمیں احتیاطی تدابیر کو اپنانا ہوگا، بڑی کلاسوں کی نسبت ہمیں چھوٹی کلاسوں میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، اگر کسی بچے کے والدین اسکول کے انتظامات سے مطمئن نہیں تو وہ اپنے بچوں کو اسکول نہ بھیجیں اور جو بچے آن لائن تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ بھی یہ کرسکیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ رواں برس تعلیمی سال 15 ستمبر سے 15 اپریل 2021ء تک ہوگا اور اس دوران تمام کلاسز کے نصاب میں کمی کردی گئی ہے جبکہ کلاس 4 سے 8 ویں تک کے سالانہ امتحانات 12 اپریل سے، کلاس پہلی تا 3 تک کے امتحانات اور ان کو اگلی کلاسوں میں ترقی کا عمل 19 اپریل 2021، نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات 7 سے 17 اپریل 2021ء اور کلاس 11 اور 12 ویں کے امتحانات 18 مئی سے 29 مئی 2021ء تک منعقد ہوں گے۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ اگلے سال تعلیمی سال 3 مئی 2021ء سے شروع ہوگا اور موسم گرما کی تعطیلات کو جولائی 2021ء کے ایک ماہ تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ اس سال ہفتہ کے روز کی تعطیل اور موسم سرما کی تعطیلات ختم کردی گئی ہیں، کلاس 9 ویں 12 ویں تک کا آئندہ سال کا تعلیمی سال اگست 2021ء میں شروع ہوجائے گا۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ نجی اسکولوں کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت صرف 5 فیصد فیسوں میں اضافے کی اجازت ہوگی جب کہ کسی بھی نجی اسکول کو کووڈ 19 کے نام پر اضافی چارجز وصول کرنے نہیں دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔